لندن، 13جون(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)ہندوستانی کپتان وراٹ کوہلی نے کہا ہے کہ موسم صاف رہنے پر انگلینڈ سے بہتر جگہ کرکٹ کھیلنے کے لئے نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ یہاں گیند ہمیشہ کی طرح سوئنگ نہیں لے رہی اور بادل آنے پر حالات مشکل ہو جاتے ہیں۔یہاں کھیلنے کی سب سے اچھی بات یہ ہے کہ بطور بلے باز چیلنجز ملتے ہیں۔کوہلی نے کہا کہ ہندوستان کے ہر میچ میں بڑی تعداد میں ناظرین دیکھ کر بہت اچھا لگتا ہے۔چیمپئنز ٹرافی کے خطابی مقابلے کو لے کر کوہلی نے کہا کہ تمام چاہتے ہیں کہ چیمپئنز ٹرافی کا خطابی مقابلہ ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان ہو۔ہندوستان دوسرے سیمی فائنل میں بنگلہ دیش سے کھیلے گا جبکہ پہلے سیمی فائنل میں کل انگلینڈ کا سامنا پاکستان سے ہوگا۔کوہلی نے کہا کہ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ سیمی فائنل میں ہم کس سے کھیل رہے ہیں۔لیگ مرحلے سب سے مشکل تھا،ہم اب فائنل سے ایک جیت دور ہیں،ہر کوئی چاہتا ہے کہ فائنل ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان ہو،دونوں ٹیمیں اچھا کھیلی تو لوگوں کو وہ دیکھنے کو ملے گا۔ہندوستانیکپتان کوہلی، سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی اور کوچ انیل کمبلے نے کل شام لارڈز کرکٹ میدان پر منعقد خصوصی تقریب میں شرکت کی۔اس کا انعقاد ہندوستانی ہائی کمیشن نے کیا تھا۔